آج ہم آپ کو موسمِ گرما کے کچھ ایسے پھل بتائیں گے جن کےاستعمال سے اس موسم میں آپ کی صحت اچھی رہے گی۔ پھل کو غذائیت سے مالامال سمجھا جاتا ہے اور روزانہ پھلوں کو غذا میں شامل کرنےسے صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ موسم گرما میں پائے جانے والے پھلوں میں سے بہت سے پھل خوش ذائقہ اور صحت بخش ہوتا ہے۔ اسی طرح موسم گرما میں استعمال کرنے کے لیے ہمارے پاس بے شمار پھل ہیں جس میں پانی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے اور اسے روزانہ کھانے سے آپ کے جسم میں پانی کی کمی بھی پوری ہو جاتی ہے۔ آلو بخارے آلو بخارے کا مزاج سرد ہوتا ہے اور یہ جسم کی گرمی اور خشکی دور کرتا ہے، پیاس کو بجھاتا ہے اور بدن کی حدت میں نہایت موثر ہے۔ گرمی کی وجہ سے بعض حضرات کے سر میں درد ہوجاتا ہے اس صورت میں آلو بخارا کھائیں۔ موسم گرما میں قے اور متلی کا موثر علاج ہے۔ اس موسم میں خون میں جوش ہوتا ہے جس سے پھوڑے پھنسیاں اور خارش جیسے عوارض لاحق ہوجاتے ہیں۔آلو بخارا ان عوارض کا علاج ہے۔ آلو بخارا معدہ کی تیزابیت اور جلن کیلئے بھی فائدہ مند ہے۔ تربوز موسم گرما میں جسم میں پانی کی کمی ہوجاتی ہے اس کمی کو دور کرنے کے لیے تربوز کا استعمال کرنا نہایت ہی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ تربوز کا استعمال کرنے سے آپ کا بلڈ پریشراور دل کی صحت بہتر ہوجاتی ہےاور یہ غذائیت سے مالامال ہوتا ہے۔ پپیتا غذائیت سے مالامال پھل پپیتے میں ‘پیپین’ نامی کمپاؤنڈ ہوتا ہے جس سے صحت پر بے حد مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ پپیتا کھانے سے جلد تروتازہ رہتی ہے جب کہ اسے روزانہ کھانے سے قوتِ مدافعت بھی مضبوط ہوتی ہے۔ لیچی ذائقے سے بھرپور پھل لیچی اینٹی آکسیڈینٹس، وٹامن سی اور دیگر غذائیت سے مالامال ہوتی ہے جب کہ اس میں فائبر بھی بھرپور مقدار میں پایا جاتا ہے۔ موسم گرما میں روزانہ لیچی کا استعمال کرنا بہترین ہوگا۔ انناس انناس میں اینٹی آکسیڈینٹس بھرپور مقدار میں پائے جاتے ہیں، موسم گرما میں انناس کا استعمال کرنے سے نظام ہاضمہ اور نظام قوت مدافعت مضبوط ہوتا ہے۔ کیوی کیوی وٹامن سی سے مالامال پھل ہے، کیوی کو روزانہ اپنی غذا میں شامل کرنے سے نیند، دل کی صحت، اور جلد بہترین ہوتی ہے۔ خوبانی موسم گرما میں متعدد پھل کھانے کو ملتے ہیں جن میں سے ایک خوبانی بھی ہے۔ خوبانی متعدد اینٹی آکسائیڈنٹس کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے، بیٹا کیروٹین کے ساتھ ساتھ وٹامن اے، سی اور ای بھی اس سے جسم کا حصہ بنتے ہیں جو اینٹی آکسائیڈنٹس کا ہی کام کرتے ہیں۔ اس پھل میں پولی فینولز نامی کیمیائی مرکبات کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جو ذیابیطس اور امراض قلب سمیت کئی امراض سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ یہ مرکبات جسم میں گردش کرنے والے مضر مواد سے خلیات کو تحفظ فراہم کرتے ہیں جبکہ موٹاپے سے بھی بچاتے ہیں۔






