پاکستان کو درپیش مسائل کا حل نواز شریف کے پاس ہے: مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے اس وقت پاکستان کی مسائل کا حل نواز شریف کے پاس ہے،ان کو پاکستانی عوام نے ووٹ دے کر تیسری مرتبہ وزیر اعظم بنایا تھا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں معیشت کو استحکام مل چکا تھا، سی پیک کا تحفہ چینی صدر شی جن پنگ اور نواز شریف کا وژن ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سی پیک منصوبہ شروع ہوتے ہی سازشی عناصر متحرک ہو گئے تھے، نالائق شخص چار سال تک پاکستان پر مسلط رہا، گزشتہ حکومت کی نااہلی کے باعث ملک میں توانائی سمیت کئی بحران پیدا ہوئے۔ وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ یہ کہانی صرف 4 سال کی نہیں، اس کی شروعات 2013 میں ہو چکی تھی، 2013 میں ملک میں مہنگائی، دہشت گردی، بیروزگاری تھی، ملک ڈیفالٹ کی نہج پر تھا، کچھ سازشی عناصر نے نالائق ٹولے کو ملک پر مسلط کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ آج سی پیک کو 10 سال مکمل ہو چکے ہیں، یہ ڈی چوک پر کھڑے ہو کر ملک کو جلانے کی بات کرتا تھا، کنٹینر پر کھڑے ہو کر سول نافرمانی کی تحریک چلانے کا کہتا تھا۔ وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ اتحادی حکومت ایک سال سے معاشی تباہی، بدحالی، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، نواز شریف نے ہی ملک کے اندر سیاسی استحکام کی بنیاد رکھی، صوبوں میں اکثریت رکھنے والی جماعتوں کو وہاں حکومتیں بنانے کا موقع دیا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ آج 5 جولائی کے دن وزیرِ اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت پر شب خون مارا گیا، آج کے دن ایک آمر نے جمہوریت کا قتل کیا تھا، آج کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی برسی کا بھی دن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نالائق شخص کو چار سال تک پاکستان پر مسلط کر کے ملک تباہ کیا گیا، تحریک انصاف کے اپنے لوگوں نے پانامہ سازش کو بے نقاب کر دیا۔