پیٹرول پمپس مالکان کی ہڑتال دو دن کیلئے مؤخر

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کے پیٹرول پمپس مالکان سے مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے اور پیٹرول پمپس مالکان نے ہڑتال دو دن کیلئے مؤخر کردی ہے۔ مذاکرات کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دو دن بعد پھر مذاکرات کا امکان ہے۔ خیال رہے کہ وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک پیٹرولیم ڈیلرز سے مذاکرات کیلئے کراچی آئے تھے۔ پیٹرولیم ڈیلرز نے منافع کی شرح کے معاملے پر کل سے ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا تھا جس سے پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا اندیشہ پیدا ہوگیا تھا۔ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ تحفظات پر وزیر پیٹرولیم کو آگاہ کیا لیکن کوئی جواب نہیں دیا گیا، حکومت نے منافع کی شرح 2 اعشاریہ 40 فیصد رکھی جو منظور نہیں ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ ایرانی اور اسمگل شدہ پیٹرول سے ہماری سیل 30 فیصد گر گئی ہے، تحفظات دور ہونے تک پیٹرول کی فراہمی کو بند رکھا جائے گا۔