پی ٹی آئی نے مزید 2 رہنماؤں کی پارٹی رکنیت ختم کردی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کے بعد ان کے بیٹے اسحاق خٹک اور ایم این اے عمران خٹک کو بھی پارٹی سے نکال دیا۔ اسحاق خٹک اور عمران خٹک کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کے حوالے سے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب کے دستخط سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے دونوں رہنماؤں کے پارٹی ممبران کو پارٹی چھوڑنے اور اکسانے پر رکنیت ختم کی۔ خیال رہے کہ عمران خٹک نوشہرہ سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے جبکہ اسحاق خٹک پی ٹی آئی کے سابق رہنما پرویز خٹک کے بیٹے ہیں۔ پی ٹی آئی پرویز خٹک کی پارٹی رکنیت پہلے ہی ختم کر چکی ہے جبکہ پرویز خٹک سابق وزیراعلیٰ کے پی محمود خان کے ساتھ مل کر اپنی علیحدہ جماعت پی ٹی آئی پارلیمینٹیرین کی بنیاد رکھ چکے ہیں۔