فاطمہ قتل کیس کی مکمل تفصیلات سامنے آگئیں، تہلکہ خیز انکشافات

سندھ کے ضلع خیر پور کے علاقے رانی پور میں فاطمہ قتل کیس کی مکمل تفصیلات سامنے آگئیں، جس میں فاطمہ کی موت سے لے کر اب تک کیس ہونے والی پیش رفت سے متعلق بتایا گیا ہے۔ رانی پور میں فاطمہ قتل کیس کی مکمل تفصیلات پولیس نے جاری کردیں، جس میں بتایا کہ 15اگست کوفاطمہ کاواقعہ سوشل میڈیاپروائرل ہوا، 14 اگست کو فاطمہ کی موت پیر اسد اللہ کی حویلی میں ہوئی اور 16 اگست کو پیر اسدشاہ اوراہلیہ حناشاہ پر مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ فرانزک ٹیم کو بلایا جس نےکرائم سین سے شواہد جمع کیے، کرائم سین سےسی سی ٹی وی قبضے میں لیکر فرانزک کیلئے بھجوائے گئے۔ پولیس نے بتایا کہ بچی کی قبرکشائی اورپوسٹ مارٹم 3دن میں کرایا گیا، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی سےطبی اور جنسی طور پر تشدد کا ذکر آیا، تفتیش میں پتہ چلا حویلی میں مزیدکمسن بچیاں بھی موجود ہیں، خواتین پولیس کیساتھ آپریشن کرکے7 بچیاں، 3 خواتین کو بازیاب کرایا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ متعدد ذرائع سے پتہ چلا مدعی کو سمجھوتے کیلئے ہراساں کیا جا رہا ہے، ہراساں کرنے پر پاکستان پینل کوڈکی دفعہ 311 کو مقدمےمیں شامل کیا گیا جبکہ جنسی تشدد سے متعلق ملزم اسد شاہ سمیت 19 افراد کا ڈی این اے سیمپل لیا گیا۔ حکام نے کہا کہ کیس کی مزید تفتیش کیلئے حکومت کوجےآئی ٹی بنانے کیلئےخط لکھا گیا ہے، دوران تفتیش مدعی نے فاطمہ قتل کیس میں پیر فیاض شاہ کا نام ظاہر کیا، پیر فیاض شاہ کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا تھا کہ پتہ چلا ملزمہ حناشاہ اور فیاض شاہ کا سہولت کار ڈرائیور اعجاز خاصخیلی ہے، ڈرائیور اعجاز خاصخیلی کوتکنیکی انفارمیشن کے ذریعے گرفتار کرلیا گیا ہے. حکام کے مطابق پیر اسد شاہ، اہلیہ حناشاہ اور پیر فیاض شاہ کیخلاف چالان پیش کردیا گیا ہے، ڈی این اے، فرانزک ودیگر رپورٹ کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی، کیس میں سہولت کاری میں گرفتار ایس ایچ او، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، ڈاکٹر جس نے لاش کیلئے ایمبولینس دی کیخلاف ثبوت نہیں ملے، شواہد نہ ملنے کے باوجود ملوث افراد کیخلاف ڈپارٹمنٹل انکوائری شروع کردی گئی۔ پولیس نے مزید بتایا کہ سہولت کار کمپاؤڈر امتیاز علی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ میں نائب قاصدہے، کمپاؤڈر امتیازعلی بغیر سرٹیفکیٹ کام کر رہا تھا جس کیخلاف 171 کے تحت کارروائی کی گئی تاہم مفرور حنا شاہ اور پیر فیاض شاہ کی گرفتاری کیلئے 2 ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔