کراچی دہل گیا! احتجاج کے دوران لیاقت محسود کے گارڈ کی فائرنگ سے بھگدڑ

کراچی: ڈمپر حادثےکے بعد لیاقت محسود کی آمد پر عوام کا احتجاج، گارڈ نے فائرنگ کردی

کراچی (مائی نیوز) میں ڈمپر کی ٹکر سے شہری کے جاں بحق ہونے کے واقعے کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے، مشتعل افراد کی جانب سے گاڑی کو  آگ لگانے کے بعد ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر  لیاقت محسود مسلح گارڈ کے ہمراہ موقع پر  پہنچ گئے۔
جائے وقوعہ پر موجود عوام ڈمپر  ایسوسی ایشن کے صدر  لیاقت محسود کو  دیکھ کر  مشتعل ہوگئے اور  ان کی گاڑی کے سامنے احتجاج کیا، نعرے لگائے  تاہم اس موقع پر  لیاقت محسود کے گارڈ نے جاتے ہوئے سر عام فائرنگ کردی۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
جائے وقوعہ پر موجود شہریوں کا کہنا تھا کہ لیاقت محسود ہر حادثے کے بعد پہنچ جاتے ہیں، لیاقت محسود کو جانی نقصان کا غم نہیں ہوتا  بلکہ اپنے ڈمپر کی فکر ہوتی ہے۔
لیاقت محسود کا احتجاجاً نیشنل ہائے وے بند کرنے کا اعلان
ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود نےواقعے کے بعد  بیان میں کہا کہ گارڈن پرحادثےکے بعد ڈمپرکو  جلایاگیا، ایس ایس پی کوفون کرکےکہا کہ پولیس کی زیادہ سےزیادہ نفری لے کر پہنچیں جس پر ایس ایچ او نے کہا کہ آپ آجائیں، قانونی کارروائی کروں گا۔
لیاقت محسود نے کہا ہم 15 سے 20 افراد حادثے کے مقام پر پہنچے تو وہاں بہت لوگ موجود تھے جنہوں نے مجھ پر قاتلانہ حملہ کیا، لیاقت محسود  نے کہا کہ وہ  احتجاجاً نیشنل ہائے وے بند کریں گے۔
گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کراچی میں سرعام اسلحہ کی نمائش اور فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ شہریوں پربندوق تاننا کسی صورت قابل  قبول نہیں، انہوں نے کہا کہ  آئی جی سندھ واقعہ کا نوٹس لیں، ملزم کیخلاف قانونی کارروائی کریں، قانون سب کےلیے برابر ہوگا تو لوگ پولیس پر اعتماد کریں گے۔
گورنرسندھ نے ڈمپر کی ٹکر سے جاں بحق شخص کے لواحقین سےاظہار تعزیت کیا، انہوں نے کہا کہ جاں بحق شخص کی زخمی اہلیہ کو ہر ممکن طبی امداد دی جائے۔
گورنرسندھ نے کہا کہ کراچی میں ڈرائیونگ قوانین کی خلاف ورزی پربھاری چالان کیے جارہے ہیں، ٹریفک حادثات میں لوگوں کی جان لینے والوں کوبھی عبرتناک سزادی جائے۔
یاد رہے کہ  نشتر روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے شاہ زیب نامی شہری جاں بحق ہوگیا، حادثے میں متوفی کی بیوی بھی زخمی ہوئی، حادثے کے بعد مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگادی۔
پولیس نے حادثے کے بعد فرار ہونے والے ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا جس کی شناخت نیاز حسین کے نام سے ہوئی۔ ملزم کو گارڈن تھانے منتقل کردیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں