معروف اسکوئیڈ گیم اداکار پر لگے الزامات جھوٹے نکلے، عدالت کا بڑا فیصلہ

مشہور جنوبی کوریائی اداکار گونگ یو (Gong Yoo) کو ہراسانی کے جھوٹے الزامات پر دائر ہتکِ عزت کے مقدمے میں بری قرار دے دیا گیا ہے، جبکہ عدالت نے جھوٹے الزامات عائد کرنے والی خاتون کو سزا سناتے ہوئے مجرم ٹھہرایا ہے۔ جنوبی کوریا کے معروف اداکار گونگ یو، جنہوں نے نیٹ فلیکس کی مقبول ترین سیریز اسکوئیڈ گیم میں کام کیا، ہتکِ عزت کے مقدمے میں جھوٹے الزامات سے بری ہو گئے۔ جنوبی کوریا کی عدالت نے 29 جولائی کو ایک 40 سالہ خاتون (شناخت ظاہر نہیں کی گئی) کو ہراسانی کے جھوٹے الزامات پر 6 ماہ قید کی سزا سنائی۔ خاتون کو جھوٹی معلومات پھیلانے اور انفارمیشن نیٹ ورک پروٹیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی کا قصوروار ٹھہرایا گیا۔ کورین میڈیا کے مطابق، جنوری 2020 سے مارچ 2021 کے دوران خاتون نے 235 مرتبہ جھوٹے الزامات اور توہین آمیز تبصرے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے، جن میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ گونگ یو نے انہیں ہراساں اور دھمکایا۔ تاہم تحقیقات سے یہ بات ثابت ہوئی کہ گونگ یو کا خاتون سے کوئی ذاتی تعلق نہیں تھا اور تمام الزامات بے بنیاد اور جھوٹے تھے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ خاتون کے الزامات مکمل طور پر بے بنیاد تھے اور اس سے بھی بڑھ کر، اس نے طویل عرصے تک بار بار جھوٹی معلومات پھیلائیں۔ عدالتی فیصلے کے بعد سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں کی جانب سے گونگ یو کی حمایت میں بیانات سامنے آ رہے ہیں اور جھوٹے الزامات پر قانونی کارروائی کی حمایت کی جا رہی ہے۔