بھوٹان میں جاری بیڈمنٹن ایشیا ساؤتھ ایشین ریجنل چیمپئن شپ میں پاکستان نے میزبان بھوٹان کو شکست دے کر ایونٹ میں اپنی دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ انڈر 23 ٹیم ایونٹ میں پاکستان نے بھوٹان کو 0-5 سے ہرا کر عمدہ کارکردگی دکھائی۔ پاکستان کے لیے مینز سنگلز میں محمد عدنان اور ویمنز سنگلز میں عمارہ اشتیاق نے کامیابی حاصل کی۔ جس کے بعد عدنان نے راجا حسن مجتبیٰ کے ساتھ مینز ڈبلز میں فتح سمیٹی۔ پھر عمارہ اور عمیمہ نے ویمنز ڈبلز میں جیت دلوائی۔ آخر میں عمیمہ عثمان اور راجا حسن مجتبیٰ نے مکسڈ ڈبلز میں فتح حاصل کر کے پاکستان کی 0-5 کی شاندار کامیابی مکمل کی۔ پاکستان نے اس سے قبل نیپال کو 3-2 سے شکست دی تھی جبکہ سری لنکا نے پاکستان کو 0-5 سے ہرایا تھا۔ پوڈیم پر پاکستان کی پوزیشن کا فیصلہ آج سری لنکا اور نیپال کے میچ کے بعد ہوگا۔ ٹیم ایونٹ کے بعد کھلاڑی سنگل ایونٹ میں بھی ایکشن میں ہوں گے۔






