2027 ون ڈے ورلڈ کپ: جنوبی افریقا نے میچز کے وینیو کا اعلان کر دیا

کرکٹ جنوبی افریقا نے 2027 کے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے وینیوز کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ یہ اعلان ورلڈ کپ کے لیے لوکل آرگنائزنگ کمیٹی کی تشکیل کے موقع پر کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کے مجموعی 54 میں سے 44 میچز جنوبی افریقا میں کھیلے جائیں گے، جہاں 8 وینیوز ٹورنامنٹ کی میزبانی کریں گے۔ ان میں جوہانسبرگ، پریٹوریا، کیپ ٹاؤن، ڈربن، بلوئم فونٹین، ایسٹ لندن، پارل اور کِمبرلے شامل ہیں۔ باقی 10 میچز زمبابوے اور نمیبیا میں ہوں گے۔ یاد رہے کہ 2027 ورلڈ کپ کی میزبانی تینوں ممالک جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر کریں گے۔ یہ ایونٹ اکتوبر اور نومبر 2027 میں شیڈول ہے۔