آئی فون 17 سیریز کی رونمائی کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ امکان ہے کہ ایپل واچ سیریز 11 اور ایئر پوڈز پرو 3 کو بھی متعارف کرایا جائے، ایونٹ ایپل کے ہیڈکوارٹر، ایپل پارک، کیلیفورنیا میں منعقد ہوگا۔ آئی فون 17 سیریز کی بیشتر تفصیلات پہلے ہی منظرعام پر آ چکی ہیں۔ اس سیریز کی خاص بات نیا آئی فون 17 ایئر ہوگا، جو کمپنی کا سب سے پتلا اسمارٹ فون ہے اور آئی فون 16 پلس کی جگہ لے گا۔ اس فون کے بیک پر ایک ہی کیمرا ہوگا، جو ممکنہ طور پر 48 میگا پکسل کا ہوگا، جبکہ آئی فون 17 پرو ماڈلز میں کیمرا ڈیزائن میں نمایاں تبدیلی کی توقع ہے۔ واضح رہے کہ آئی فون 11 کے 2020 میں متعارف ہونے کے بعد سے ایپل سمارٹ فونز کے کیمرا ڈیزائن میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئی تھی۔ آئی فون پرو ماڈلز میں بیک پر موجود اسکوائر کیمرا سیٹ اپ ختم کر کے نیا ڈیزائن اپنایا جائے گا۔ اسی طرح فرنٹ کیمرے کے ڈائنامک آئی لینڈ ڈیزائن میں بھی تبدیلیاں متوقع ہیں، اور فونز میں تیز میگ سیف چارجنگ اور اے 19 چپ بھی شامل ہوں گی۔ آئی فون 17 پرو میکس میں پہلے سے زیادہ بڑی بیٹری دی جائے گی جبکہ سٹینڈرڈ آئی فون 17 کا ڈسپلے ریفریش ریٹ پہلے سے زیادہ بہتر ہوگا۔ چاروں فونز کے اندر آئی او ایس 26 آپریٹنگ سسٹم دیا جائے گا جس میں لیکوئیڈ گلاس انٹرفیس موجود ہوگا۔






