دبئی سے لاہور کے لیے روانہ ہونے والی نجی ائیرلائن کی پرواز کو تکنیکی خرابی کے سبب واپس دبئی ائیرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ بعد ازاں کئی گھنٹوں کی تاخیر کے بعد طیارہ 210 مسافروں کو لے کر دوبارہ لاہور کے لیے روانہ ہوا۔ ائیرلائن کے ترجمان نے تصدیق کی کہ پرواز پی اے 411 دبئی سے لاہور کے لیے روانہ ہوئی تھی، جب ائیر بس اے 321 طیارے کے ہیڈرولک سسٹم میں نقص پیدا ہوا۔ ترجمان نے بتایا کہ طیارہ مطلوبہ بلندی حاصل کرنے میں ناکام رہا، جس کے بعد ٹریفک کنٹرولر کی ہدایت پر طیارے کو واپس دبئی ائیرپورٹ پر لینڈ کروایا گیا۔ ترجمان کے مطابق فنی خرابی دور ہونے پر پرواز رات گئے روانہ ہوئی تو اسے لاہور پہنچنے میں 3 گھنٹے تاخیر ہوئی۔
