ہونڈا ایٹلس کارز پاکستان نے اپنی مشہور سیڈان سیریز میں ایک اور نمایاں اضافہ کرتے ہوئے “آل نیو سٹی ایسپائر ایس” لانچ کر دی ہے، جو جدید ڈیزائن، اپ گریڈ فیچرز اور آرام و سہولت کے امتزاج کے ساتھ ایک پریمیم ماڈل کے طور پر پیش کی گئی ہے۔ کمپنی کے آفیشل فیس بک پیج پر رونمائی کے ساتھ ہی بکنگ کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ “سٹی ایسپائر ایس” کے لیے ایڈوانس رقم 12 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ ایکس فیکٹری قیمت 61.49 لاکھ روپے رکھی گئی ہے، جو کہ سٹی لائن اپ کا سب سے مہنگا ویرینٹ ہے۔ ہونڈا کے دیگر ماڈلز میں سٹی کی ایکس فیکٹری قیمت 47.37 لاکھ روپے (ایڈوانس 9 لاکھ روپے) اور سٹی 1.5 ایسپائر کی قیمت 60.69 لاکھ روپے (ایڈوانس 12 لاکھ روپے) مقرر کی گئی ہے۔ جدید اسٹائلنگ اور اپ گریڈڈ انٹیریئر کے ساتھ “سٹی ایسپائر ایس” کو پاکستانی آٹو مارکیٹ میں ایک بڑی تعداد کو اپنی جانب متوجہ کرنے والا ماڈل قرار دیا جا رہا ہے۔ اسپورٹی اور جدید لک کے لیے اس ماڈل میں کئی نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں، جن میں نیا ہونڈا ایمبلم، بلیک ٹرنک اسپائلر کے ساتھ ایل ای ڈی ہائی ماؤنٹ اسٹاپ لائٹ، سلم شارک فن اینٹینا اور دو نئے رنگ — کینیون ریور بلیو اور اگنائٹ ریڈ شامل ہیں۔ مزید برآں، گاڑی کو ایل ای ڈی ہیڈ لائٹس، فوگ لیمپس اور ریئر لیمپس جیسے جدید لائٹنگ فیچرز کے ساتھ اسٹینڈرڈ آپشن کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جس سے اس کی کشش اور بڑھ گئی ہے۔ دیگر اسٹائلنگ اپڈیٹس میں بلیک فنشڈ سائیڈ مررز، نئے ڈیزائن کے دروازوں کے ہینڈلز، کروم فرنٹ گارنش اور ریئر لائسنس پلیٹ کے لیے نیا گارنش شامل ہے۔ ریفریشڈ پلیٹ فنش کے ساتھ الائے ویلز گاڑی کو مزید اسپورٹی شکل دیتے ہیں۔ گاڑی کے اندرونی حصے میں بھی پریمیم کلاس کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔ نئے ہائی گریڈ فیبرک سیٹس، بیس بال اسٹائل سلائی کے ساتھ لیذر ریپڈ اسٹیئرنگ ویل، اور میچنگ گیئر سیلیکٹ نوب شامل کی گئی ہے۔ انٹرٹینمنٹ کے لیے آڈیو سسٹم میں ٹویٹر اسپیکرز شامل کیے گئے ہیں تاکہ اندر بیٹھے مسافروں کو بہتر ساؤنڈ کوالٹی فراہم کی جا سکے۔
