لاہور، ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث پنجاب بھر میں اب تک 50 قیمتی جانوں کا نقصان ہو چکا ہے جن کے لواحقین کو 10،10 لاکھ روپے فی کس مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ ڈائریکٹرجنرل پروونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ اورگجرات حالیہ سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ گجرات میں ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں اور تمام سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں گجرات میں آئندہ 12 سے 14 گھنٹوں میں صورت حال میں نمایاں بہتری کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے مختلف ڈویژنزمیں بارش کی پیشگوئی موجود ہے تاہم دریاؤں میں پانی کی سطح مسلسل کم ہو رہی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ستلج دریا میں پانی کی مقدارمیں واضح کمی آئی ہے اور کسی دریا پر نیا سیلابی الرٹ جاری نہیں کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گنڈا سنگھ والا، جسڑ، راوی سائفن، شاہدرہ اورسدھنائی سمیت مختلف مقامات پرپانی کی سطح کم ہو رہی ہے، ملتان اورشیرشاہ کے علاقوں میں بھی پانی کی شدت میں کمی دیکھی گئی ہے۔ آئندہ بارشوں کا سپیل بہت شدید نہیں ہوگا تاہم پی ڈی ایم اے مسلسل صورتحال پرنظررکھے ہوئے ہے اورہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
