پنجاب میں گندم مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن، بھاری مقدار میں گندم برآمد

پنجاب میں گندم کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف آپریشن جاری ہے، جس کے دوران اب تک 75 ہزار 886 میٹرک ٹن گندم برآمد جبکہ 88 گودام سیل کیے جاچکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر صوبے بھر میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ محکمہ پرائس کنٹرول کی ٹیموں نے مختلف ڈویژنز میں چھاپے مارے اور مجموعی طور پر 2 لاکھ 5 ہزار 271 میٹرک ٹن گندم کی جانچ پڑتال کی۔ جس کے نتیجے میں 184 گوداموں کی چیکنگ اور 88 کی سیلنگ عمل میں لائی گئی۔ ترجمان کے مطابق لاہور ڈویژن سے سب سے زیادہ 31 ہزار 906 میٹرک ٹن گندم برآمد ہوئی۔ گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن سے 9 ہزار 128، سرگودھا سے 1906، راولپنڈی سے 6 ہزار 498 اور ساہیوال سے 5 ہزار 147 میٹرک ٹن گندم ضبط کی گئی۔ اسی طرح بہاولپور ڈویژن سے 1796، ڈی جی خان سے 4 ہزار 748، فیصل آباد سے 1618 اور ملتان ڈویژن سے 13 ہزار 139 میٹرک ٹن گندم برآمد کی گئی۔ ترجمان پرائس کنٹرول نے مزید بتایا کہ ضبط شدہ گندم کے آٹے کو متعلقہ اضلاع کی مارکیٹ میں فروخت کیا جائے گا جب کہ فوڈ ڈائریکٹوریٹ، ضلعی انتظامیہ اور پیرا کی جوائنٹ ایکشن ٹیمیں تمام اضلاع میں چھاپے مار رہی ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام کارروائیوں کو محکمہ پرائس کنٹرول میں قائم خصوصی سیل سے مانیٹر کیا جارہا ہے، گندم کی قلت کا بہانہ بنا کر مصنوعی مہنگائی کرنیوالے عناصر بے نقاب کیے جارہے ہیں۔