اگر آپ تار والے ائیر فونز یا ائیر بڈز استعمال کرتے ہیں تو اس عام مسئلے سے ضرور واقف ہوں گے: ان کا الجھنا۔ ہر بار جب ائیر فونز کو استعمال کرنے کے لیے نکالا جاتا ہے، تو تاریں آپس میں الجھی ہوئی ملتی ہیں۔ بار بار انہیں سلجھانا نہ صرف وقت ضائع کرتا ہے بلکہ کافی جھنجھلا دینے والا بھی ہوتا ہے۔ اور اکثر یہ سوچنے پر مجبور کر دیتا ہے کہ آخر یہ تاریں ہمیشہ الجھتی کیوں ہیں؟ اس کے پیچھے کئی سائنسی وجوہات چھپی ہیں۔ چند سال قبل کیلیفورنیا یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں ائیر فونز کی تاروں کے اس معمے کی وجوہات پر روشنی ڈالی گئی تھی۔ تحقیق میں مختلف لمبائی اور مختلف مواد کی تاروں پر تجربات کیے گئے تاکہ یہ سمجھا جا سکے کہ تاروں کو سیدھا رکھنا اتنا مشکل کیوں ہوتا ہے۔ نتائج کے مطابق، تاروں والے ائیر فونز اکثر الجھ جاتے ہیں کیونکہ ان کی تاریں لمبی اور لچکدار ہوتی ہیں، جو کہ الجھنے کے بنیادی عوامل ہیں۔ درحقیقت کسی بھی جگہ ان کی معمولی حرکت ائیر فونز کی تاروں کو الجھا دیتی ہے۔ یعنی اگر آپ تار کو بس ہلائیں یا دائیں بائیں گھمائیں تو وہ الجھ جائے گی۔ اسی طرح بیشتر ائیر فونز کا وائے ٹائپ ڈیزائن تاروں کے تینوں سروں کو آسانی سے گانٹھ میں تبدیل کر دیتا ہے۔ البتہ آپ اپنے ائیر فون تار کو ایک اچھے لوپ یا ٹوئیسٹ ٹائی کی مدد سے الجھنے سے بچا سکتے ہیں۔
