دریائے چناب اور دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث پانی جلال پور پیر والا کی بستیوں میں داخل ہونا شروع ہو گیا ہے۔ ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا میں سیلابی پانی داخل ہونے کے کے باعث عوام کو گھر خالی کرنےکی ہدایت کر دی گئی ہے، پولیس کی جانب سے گھر خالی کرنے کے لیے… متاثرہ بستیوں میں پہلے سے موجود ریسکیو ورکرز نے شہریوں کو نکالنے کے لیے آپریشن بھی شروع کردیاہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز جلال پور پیر والا میں سیلاب متاثرین کی کشتی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ ملتان کی ضلعی حکومت کے مطابق مقامی افرادکو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے دوارن کشتی پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے الٹ گئی تھی، کشتی میں زیادہ تر خواتین اور بچے سوار تھے اور پانی کی گہرائی 15 سے 20 فٹ تک تھی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ عملے نے سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کیا اور 4 لاشیں نکال لی گئیں، جبکہ باقی افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا، جبکہ ایک بچے کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر آپریشن جا ری ہے۔ بھارت نے مزید پانی چھوڑ دیا بھارت نے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا، پاکستان میں مزید سیلابی صورت حال کا خدشہ پیدا ہوگیا، بھارتی ہائی کمیشن نے دریائے ستلج میں 2 مقامات پر اونچے درجے کے سیلاب سے پاکستان کو آگاہ کر دیا، سیلاب سندھ کی جانب رواں دواں ہے، اور چند گھنٹوں میں صوبے میں داخل ہوجائے گا۔ بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے بعد ہریکے اور فیروز پور کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، وزارت آبی وسائل نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی الرٹ جاری کر دیا۔ وزارت آبی وسائل کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن نے دریائے ستلج میں 2 مقامات پر اونچے درجے کے سیلاب سے آگاہ کیا ہے، دریائے ستلج میں ہریکے اور فیروز پور کے مقام انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے لہٰذا تمام محکمے الرٹ رہیں، اور متعلقہ آبادیوں سے عوام کی منتقلی سمیت دیگر ضروری انتظامات کرلیں۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ دریائے ستلج میں ہریکے اور فیروز پور کے مقامات پر صبح 8 بجے رپورٹ ہونے والی اونچی طغیانی ذیلی اضلاع کو متاثر کرے گی۔ ایک الرٹ میں پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ سے درخواست کی کہ وہ ارلی وارننگ سسٹمز کو فعال کریں، حفاظتی اور انخلا کی معلومات بروقت پہنچانے کو یقینی بنائیں، اور پشتوں کو مضبوط کریں۔
