سیب دنیا کے مقبول ترین پھلوں میں شمار ہوتا ہے جو نہ صرف اپنے ذائقے بلکہ صحت بخش خصوصیات کی وجہ سے بھی مشہور ہے۔ تازہ تحقیق کے مطابق سیب کے باقاعدہ استعمال سے عمومی صحت بہتربنتی ہے اوریہ دل کی بیماریوں، ذیابیطس سمیت کئی دائمی امراض سے بچاؤمیں مددگارثابت ہوسکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق سیب میں وٹامن سی، وٹامن ای، پولی فینولزاورفلاوونائیڈزجیسے طاقتوراینٹی آکسیڈنٹس موجود ہیں جو جسم کے خلیوں کونقصان سے بچاتے اوردل کے امراض کے خطرے کوکم کرتے ہیں۔ سیب میں موجود فائبراورپولی فینول کولیسٹرول کی سطح بہتر بناتے اورسوزش کو کم کرنے میں معاون ہیں، اسی طرح یہ آنتوں میں موجود مفید بیکٹیریا کو بھی متحرک کرتے ہیں جس سے نظامِ ہاضمہ مضبوط ہوتا ہے۔ تحقیقات کے مطابق سیب کھانے کی عادت وزن میں کمی اورموٹاپے کے خطرے کو کم کرنے سے بھی جڑی ہے، بچوں میں سیب اوراس کی مصنوعات استعمال کرنے سے متوازن غذا اورکم موٹاپا دیکھا گیا ہے۔ ذیابیطس کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ سیب کے چھلکے سمیت کھانے سے خون میں شوگر کا ردعمل کم ہوتا ہے اور ٹائپ ٹو ذیابیطس سے بچاؤ میں مدد ملتی ہے، حاملہ خواتین میں بھی یہ فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔ سیب میں موجود پوٹاشیم اورکیلشیم ہڈیوں کومضبوط بناتے ہیں اورآسٹیوپوروسس کے خطرے کو کم کرنے میں کردار ادا کرتے ہیں۔ ایک درمیانے سائزکے سیب میں تقریباً 80 فیصد پانی ہوتا ہے جو جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے میں مدد دیتا ہے جبکہ اس میں موجود کیلشیم، پوٹاشیم، میگنیشیم اورسوڈیم جسم کے الیکٹرولائٹ توازن کو برقرار رکھتے ہیں۔ سیب جلد کی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہے، یہ جلد پردھبے اورسوجن کم کرنے اور فطری چمک برقراررکھنے میں مدد دیتا ہے۔
