ایشیا کپ کے چوتھے میچ میں پاکستان نے عمان کو 93 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔ دبئی میں کھیلے گئے میچ میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے عمانی بیٹرز پاکستانی بولر کے سامنے بے بس دکھائی دیے۔ پوری ٹیم 16.4 اوورز میں 67 بنا کر ڈھیر ہوگئی۔ عمان کی جانب سے حماد مرزا 27 رنز بنا کر نمایاں رہے۔عامر کلیم 13، شکیل احمد 10، محمد ندیم 3، ونایک شکلا 2، حسنین شاہ 1، کپتان جتندر سنگھ 1، شاہ فیصل 1، سفیان محمود 1، اور ذکریا اسلام 0 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم، فہیم اشرف اور صائم ایوب نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ابرار احمد، شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس سےقبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث 66 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ صاحبزادہ فرحان 29، محمد نواز 19، فہیم اشرف 8 اور حسن نواز9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ صائم ایوب اور کپتان سلمان آغا کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹے۔ فخر زمان اور شاہین شاہ آفریدی بالترتیب 23 اور 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ عمان کی جانب سے عامر کلیم اور شاہ فیصل نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد ندیم نے 1 وکٹ حاصل کی۔
