بھارت میں پاکستان کے خلاف بائیکاٹ مہم کے باعث ایشیا کپ کے میزبان ہونے کے باوجود بھارتی کرکٹ بورڈ کے اہلکار میچ کے دوران منظر عام سے غائب نظر آئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے پاک بھارت میچ میں کسی بھی اعلیٰ عہدیدار کو دبئی بھیجنے سے گریز کیا، جس کی وجہ بائیکاٹ مہم اور سیاسی حساسیت بتائی گئی ہے۔ بورڈ کے بیشتر اہلکار میچ کے دوران خود کو دور رکھ رہے ہیں، اور بھارتی میڈیا نے اس پالیسی کو “خاموش بائیکاٹ” قرار دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی بورڈ کے اعلیٰ اور اسٹیٹ ایسوسی ایشنز کے اہلکار دبئی میں موجود تھے، لیکن اس بار صورتحال مختلف ہے۔ آئی سی سی چیئرمین جے شاہ نے میچ کے بجائے امریکا میں ایک میٹنگ میں شرکت کا فیصلہ کیا، جبکہ بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیوجیت سائیکیا ویمنز ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حوالہ دیتے ہوئے دبئی نہیں آئے۔ اسی طرح آئی پی ایل چیئرمین ارون دھمال نے بھی میچ اسٹیڈیم میں نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے بی سی سی آئی کے نائب صدر اور ایشین کوکٹ کونسل کے ایگزیکٹو بورڈ کے ممبر راجیو شکلا بھارت کی جیت کی صورت میں کیمرے پر نظر آ سکتے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کے دیگر عہدیداران بھارت کی ممکنہ فتح کی صورت میں ہی منظر عام پر آئیں گے۔






