سی ایس ایس امتحان 2026 میں شرکت کے خواہشمند امیدواروں کے لیے ایک اہم اور خوش آئند خبر

سی ایس ایس امتحان 2026 میں شرکت کے خواہشمند امیدواروں کے لیے ایک اہم اور خوش آئند خبر سامنے آئی ہے۔ فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے مقابلے کے امتحان سی ایس ایس 2026 کی باقاعدہ ڈیٹ شیٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق تحریری امتحانات کا آغاز 4 فروری 2026 سے ہوگا۔ جاری کردہ شیڈول کے مطابق امتحانات کے پہلے روز امیدواروں سے انگریزی مضمون نگاری  کا پرچہ لیا جائے گا، جب کہ 5 فروری 2026 کو Precis & Composition کا امتحان منعقد ہوگا۔ اس کے بعد جنرل نالج کے مضامین کے پرچے 6، 7 اور 8 فروری کو ہوں گے۔ مزید برآں، 9 فروری 2026 کو اسلامیات یا غیر مسلم امیدواروں کے لیے تقابلی مطالعۂ مذاہب کا پرچہ لیا جائے گا۔ ایف پی ایس سی کے مطابق اختیاری مضامین کے امتحانات 10 فروری سے 15 فروری 2026 تک جاری رہیں گے، جن کے پرچے مختلف گروپس کے تحت صبح اور شام کے سیشنز میں منعقد کیے جائیں گے۔ فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے تمام امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق اپنی تیاری مکمل کریں اور امتحانی مراکز، رول نمبر سلپس اور دیگر جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔