انڈونیشیا کے تلاؤد جزیرے میں 6.8 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا۔ جس کے بعد مقامی حکام نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی اقدامات شروع کر دیئے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق انڈونیشیا کے تلاؤد جزیرے میں زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے تاحال کسی جانی نقصان یا بڑے پیمانے پر تباہی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ ریسکیو اور امدادی ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں نگرانی کا عمل جاری ہے۔ جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز (GFZ) کے مطابق زلزلہ تلاؤد جزائر کے ساحل کے قریب آیا۔ جس کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 77 کلو میٹر بتائی گئی ہے۔ دوسری جانب انڈونیشیا کے زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت 7.1 تھی۔ اور اس کی گہرائی 17 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ زلزلے کے باعث سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ حکام کے مطابق احتیاطی تدابیر کے طور پر متاثرہ علاقوں میں سیکیورٹی اور امدادی ٹیمیں الرٹ کر دی گئی ہیں۔ جبکہ عوام کو پرسکون رہنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی۔






