ایران کے بعد ٹرمپ کی کیوبا کو بڑی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیوبا کو معاہدہ کرنے کی وارننگ دے دی جس پر کیوبا کے صدر نے سخت ردعمل دیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ کیوبا نے کئی برسوں تک بڑی مقدار میں وینزویلا سے ملنے والے تیل اور پیسے پر گزارا کیا اور جواب میں وینزویلا کے دو آمروں کو سکیورٹی سروس مہیا کی لیکن… ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ کیوبا کے لیے اب کوئی پیسہ یا تیل نہیں جائے گا، کیوبا فوری معاہدہ کرلے اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔ ٹرمپ کی وارننگ پر کیوبا کے صدر نے ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ کیوبا ایک آزاد اور خودمختار قوم ہے، کوئی ہمیں حکم نہیں دے سکتا کہ ہمیں کیا کرنا ہے، امریکا کا رویہ مجرمانہ اور عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔ کیوبا کے صدر میگوئیل ڈیاز کینیل کا کہنا ہے کہ کیوبا 66 برسوں سے امریکی جارحیت کا شکار ہے،کیوبا دھمکیاں نہیں دیتا البتہ وطن کے دفاع کے لیے خود کو تیار رکھتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ انسانی جانوں کو بھی کاروباری نظر سےدیکھنےوالوں کے پاس کیوبا پر انگلی اٹھانے کا اخلاقی جواز نہیں، جو انقلاب کو کیوبا کی معاشی مشکلات کا ذمہ دار قراردیتےہیں انہیں شرم آنی چاہیے۔