فائیوجی اسپیکٹرم کی نیلامی کب ہوگی؟

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ پاکستان میں اسپیکٹرم نیلامی برائے نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز فائیو جی مورخہ 10 مارچ 2026 کو ہو گی۔ نیلامی کا حتمی شیڈول ریگولیٹری ہم آہنگی اور اسٹیک ہولڈرزسے وسیع مشاورت کے بعد طے کیا گیا ہے تاکہ نیلامی کا عمل شفاف، ہموار اور بھر پور شرکت کے ساتھ ممکن بنایا جا سکے۔ یہ شیڈول ٹیلی کام آپریٹروں اور ممکنہ بولی دہندگان کو مناسب تیاری کا موقع فراہم کرے گا اوراس امر کی غمازی کرتا ہے کہ پی ٹی اے نیلامی کے عمل میں وسیع تر شرکت اور ریگولیٹری تقاضوں سے مکمل ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ تمام دلچسپی رکھنے والوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ پاکستان میں این جی ایم ایس/5G اسپیکٹرم کی نیلامی کے حوالے سے انفارمیشن میمورنڈم کا مطالعہ کریں اور پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر جاری کردہ تازہ ترین معلومات سے آگاہ رہیں۔