وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 6 فروری کو صوبے بھر میں بسنت کی چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔ اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اعلان کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پنجاب 5 فروری کو کشمیر ڈے کے ساتھ طویل ویک اینڈ کا لطف اٹھائے گا، 6 فروری کو صوبے بھر میں بسنت کی چھٹی ہو گی جب کہ اس کے بعد 7 فروری کو ہفتہ اور 8 فروری کو اتوار ہوگا. مریم نواز نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ پنجاب بھر کے لوگ اس وقت کو آرام کرنے، تازہ دم ہونے اور ان چھٹیوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلیے استعمال کریں گے۔ دوسری جانب پنجاب کے عوام کو بسنت کے تہوار کا بے صبری سے انتظار ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور کو بسنت کی مناسبت سے سجا دیا گیا ہے جب کہ تمام سڑکیں روشن ہیں۔ لاہور میں بسنت کے لیے پتنگوں اور ڈور کی فروخت آج سے شروع ہوگئی ہے، بسنت کے دوران پتنگ سازی یا فروخت کے لیے آن لائن پورٹل پر رجسٹریشن کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔






