محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے سرکاری اسکولوں کے نئے اوقات کار جاری کردیے۔ صوبائی محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پرائمری، ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائرسیکنڈری اسکولوں کے لیے اوقات کار طے کرلیے گئے ہیں۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ 31 اکتوبر تک سنگل شفٹ پرائمری اسکول صبح 8:00 سے دوپہر 2:30 بجے تک کھلیں گے، جمعہ کو سنگل شفٹ پرائمری اسکول صبح 8:00 سے دوپہر 1:00 بجے تک کھلیں گے۔ 31 اکتوبر تک سیکنڈری و ہائر سیکنڈری کی پہلی شفٹ صبح 7:30 سے دوپہر 1:30 بجے تک ہوگی۔ اسی طرح یکم نومبر سے 31 مارچ تک سنگل شفٹ پرائمری اسکول صبح 8:30 سے سہ پہر 3:00 بجے تک کھلیں گے، یکم نومبر سے 31 مارچ تک پہلی شفٹ صبح 8:00 سے دوپہر 1:45 بجے تک ہوگی۔ سیکنڈ شفٹ 31 اکتوبر تک پیر سے جمعرات دوپہر ایک بجے سے شام 6 بجے تک ہوگی اور سیکنڈ شفٹ یکم نومبر سے 31 مارچ تک دوپہرپونے ایک بجے سے پونے 6 بجے تک ہوگی جب کہ سیکنڈ شفٹ جمعہ کے روز پونے 11 بجے سے سوا 2 بجے تک ہوگی۔






