کوٹلی ستیاں: قدرتی حسن اور سیاحت کی نئی راہ، جدید واکنگ ٹریک کی تکمیل

وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف صاحبہ کے عوام دوست اور ترقی پسند ویژن کے مطابق، اور ڈپٹی کمشنر مری جناب آغا ظہیر عباس شیرازی صاحب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں، ضلع مری کی خوبصورت اور سرسبز تحصیل کوٹلی ستیاں میں ایک اور نمایاں ترقیاتی سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر کوٹلی ستیاں محترمہ ڈاکٹر ثناء رامچند صاحبہ کی مؤثر نگرانی اور انتھک کاوشوں سے کوٹلی ستیاں میلاد چوک سے فائر واچ ٹاور تک ایک جدید اور طویل واکنگ ٹریک تعمیر کر دیا گیا ہے۔ یہ واکنگ ٹریک نہ صرف مقامی شہریوں کو صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کا بہترین موقع فراہم کر رہا ہے بلکہ علاقے کی قدرتی خوبصورتی کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ منصوبہ سیاحت کے فروغ، عوامی تفریح، اور ماحول دوست سرگرمیوں کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ثابت ہو رہا ہے۔ سرسبز پہاڑوں، دلکش مناظر اور صاف و شفاف ماحول میں قائم یہ واکنگ ٹریک سیاحوں کے لیے خصوصی کشش کا باعث بن رہا ہے، جس سے مقامی معیشت کو بھی تقویت ملنے کی توقع ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی یہ کاوش اس امر کی عکاس ہے کہ حکومت پنجاب عوامی سہولیات، صحت مند سرگرمیوں اور سیاحتی ترقی کے لیے سنجیدہ اور متحرک ہے۔