ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاکستان نے امریکا کو 32 رنز سے شکست دے دی

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے امریکا کو 32 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ گروپ اے کا یہ میچ کولمبو میں کھیلا گیا، جہاں امریکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 73 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ شاداب خان نے 12 گیندوں پر تیز رفتار 30 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ بابر اعظم نے 46 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں امریکا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 158 رنز بنا سکی۔ یوں پاکستان نے 32 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے امریکا کے خلاف 2024 کی شکست کا بدلہ لے لیا۔ پاکستانی اننگز کا آغاز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے کیا، جن کے درمیان 54 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ صائم ایوب 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ کپتان سلمان علی آغا ایک رن پر پویلین لوٹ گئے۔ بعد ازاں فرحان اور بابر اعظم نے اسکور کو آگے بڑھایا۔ امریکا کی جانب سے شیڈلے وین شاک وِک نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے کہ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دی تھی، جبکہ امریکا کو بھارت کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔