محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے اسکولوں کے لیے نئے اوقاتِ کار اور ہفتہ وار تعطیلات سے متعلق باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق اب پنجاب میں اسکول ہفتے میں صرف 4 روز کھلیں گے جبکہ ہر جمعہ کو چھٹی ہوگی۔ اس فیصلے کا اطلاق تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں پر یکساں طور پر ہوگا۔ سنگل شفٹ اسکول صبح 8 بجے سے دوپہر 1:30 بجے تک لگیں گے جبکہ ڈبل شفٹ اسکول میں مارننگ شفٹ کی چھٹی دوپہر 12:30 بجے ہوا کرے گی، اس کے علاوہ سیکنڈ شفٹ کے اوقاتِ کار دوپہر 1:00 بجے سے شام 5:30 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ اس مراسلے پر فوری طور پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے جس کا مقصد تعلیمی نظام کو نئے شیڈول کے مطابق ترتیب دینا ہے۔ یاد رہے کہ پنجاب بھر میں تعلیمی ادارے 10 مارچ سے بند کیے گئے تھے، جس کا نوٹیفکیشن محکمہ تعلیم نے 9 مارچ کو جاری کیا تھا۔ ان تعطیلات میں عید الفطر کی چھٹیاں بھی شامل تھیں، جبکہ اسکولوں کی اس بندش کا بنیادی مقصد ملک میں جاری معاشی دباؤ اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں کمی لانا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ 31 مارچ تک کی بندش کے بعد اب تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں تدریسی عمل مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔ والدین اور اساتذہ نے بھی اسکولوں کی واپسی کا خیر مقدم کیا ہے تاکہ بچوں کے تعلیمی حرج کا ازالہ کیا جا سکے۔






