نویں دسویں کے سالانہ امتحانات کب سے شروع؟ شیڈول جاری

ترجمان میٹرک بورڈ کراچی کے مطابق نویں و دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 7 اپریل سے شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ چیئرمین میٹرک بورڈ غلام حسین سوہو کی درخواست پر گریڈ 19 کے افسر احمد خان چھٹہ کو ناظم امتحانات تعینات کر دیا گیا ہے، جنھوں نے میٹرک بورڈ میں فوری چارج سنبھال لیا ہے۔ ترجمان کے مطابق صوبائی وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ اسماعیل راہو کی ہدایات پر امتحانات سے متعلق مختلف اسکول ایسوسی ایشنز اور دیگر حلقوں کے خدشات فوری طور پر دور کیے جا رہے ہیں، جب کہ سرور سے متعلق مسائل بھی حل کر دیے گئے ہیں۔ اس سے قبل سابق ناظم امتحانات محمد ضیا الحق نے ذاتی وجوہ کی بنا پر عہدہ چھوڑ دیا تھا، دریں اثنا ناظم امتحانات احمد خان چٹھہ نے کہا ہے کہ میٹرک کے سالانہ امتحانات مؤخر ہونے کی خبریں دم توڑ گئی ہیں، امتحانات مؤخر ہونے کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا میٹرک کے سالانہ امتحانات 7 اپریل سے ہی ہوں گے، طلبہ و طالبات بورڈ کی ویب سائٹ سے اپنے ایڈمٹ کارڈ ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں، بورڈ کا پورٹل فعال ہے اور اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، اساتذہ، والدین اور طلبہ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ انھوں نے مزید کہا طلبہ کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہماری اوّلین ترجیحات میں شامل ہے، طلبہ اور والدین کسی کی بھی افواہ پر کان نہ دھریں، امتحانات وقت مقررہ پر ہوں گے۔