پی ایس ایل11؛ پشاور زلمی کے ہاتھوں کراچی کنگز کو ہوم گراؤنڈ پر بدترین شکست

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 17ویں میچ میں پشاور زلمی کے آگے کراچی کنگز ریت کا ڈھیر ثابت ہوئی اور اُسے ہوم گراؤنڈ پر 159 رنز سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دیتے ہوئے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئےمقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز بنائے اور کراچی کنگز کو جیت کے لیے 247 رنز کا ہدف دے دیا۔ پشاور زلمی کی جانب سے سری لنکن بیٹر کوشل مینڈس 109 اور کپتان بابراعظم 87 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ کراچی کنگز کے افتخار احمد اور شرف الاسلام نے ایک، ایک وکٹ لی۔   پشاور زلمی کے 247 رنز ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی پوری ٹیم 16.1 اوور میں 87 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کنگز کی جانب سے اعظم خان نے سب سے زیادہ 25 رنز بنائے جبکہ سعد بیگ 14 رنز بناکر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ پشاور زلمی کی تباہ کن بولنگ کی بدولت کراچی کنگز کے 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ افتخار احمد، صفیان مقیم اور ناہید رانا نے 3، 3 وکٹیں لیں جبکہ شرف الاسلام کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر آج ہی سڈنی سے کراچی پہنچے ہیں اور ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ کراچی کنگز نے پلیئنگ الیون میں بھی تبدیلی کی اور حسن علی کی جگہ فاسٹ بولر محمد حمزہ کو ٹیم میں شامل کیا۔