اوپن اے آئی کے خالق کے گھر پر حملہ

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں اوپن اے آئی کے سربراہ سیم آلٹمین کے گھر پر پٹرول بم سے حملہ کیا گیا، پولیس نے پیٹرول بم پھینکنے کے شبہے میں ایک نوجوان کو حراست میں لیا ہے۔ یہ واقعہ جمعہ کے روز پیش آیا جس کے بعد کمپنی نے باقاعدہ بیان جاری کرتے ہوئے صورتِ حال کی تصدیق بھی کی ہے۔ رائٹرز کے مطابق سان فرانسسکو پولیس کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ علی الصبح پیش آیا جب ایک نامعلوم شخص نے نارتھ بیچ کے علاقے میں واقع ایک رہائشی مکان پر آتش گیر مادہ پھینکا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ اس حملے کا نشانہ سیم آلٹمین کی رہائش گاہ تھی، تاہم خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ حملے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد پولیس کو ایک اور اطلاع ملی جس میں بتایا گیا کہ ایک شخص شہر میں واقع اے آئی کے ادارے کے ہیڈ کواٹر کے باہر موجود ہے اور ایک اور عمارت کو نذرِ آتش کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بیس سالہ مشتبہ نوجوان کو جائے وقوعہ سے گرفتار کر لیا۔ اوپن اے آئی کے ترجمان نے واقعے کی سنگینی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ اس معاملے کی مکمل تفتیش کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے۔ ابھی تک حملے کے پیچھے چھپے اصل محرکات اور وجوہات واضح نہیں ہو سکی ہیں اور پولیس اس بات کا تعین کر رہی ہے کہ آیا اس نوجوان کا کوئی خاص مقصد تھا یا یہ محض ایک انفرادی اشتعال انگیز کارروائی تھی۔ پولیس کی جانب سے ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی جبکہ واقعے کے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور اس واقعے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ہر پہلو سے جانچ کی جا رہی ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔