انسٹا گرام میں ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے جس سے فوٹو شیئرنگ ایپ میں کمنٹس کرنے کا عمل کافی بہتر ہو جائے گا۔ اس فیچر کے تحت جب بھی آپ کسی پوسٹ پر کمنٹ کریں گے اور احساس ہوگا کہ کوئی غلطی ہوگئی ہے تو اسے ڈیلیٹ کرنے کی بجائے ایڈٹ کرسکیں گے۔ میٹا کی زیرملکیت ایپ کی جانب سے اس نئے فیچر کا اعلان کیا گیا۔ مگر صارفین کو کمنٹ میں موجود غلطی کو بہت جلد پکڑنا ہوگا۔ کمپنی نے بتایا کہ آپ کسی کمنٹ کو پوسٹنگ کے بعد 15 منٹ کے اندر ایڈٹ کرسکیں گے۔ البتہ اس عرصے میں آپ متعدد بار کمنٹ کو ایڈٹ کرسکتے ہیں، اس حوالے سے کوئی حد نہیں۔ اس فیچر کو استعمال کرنے کا طریقہ بھی کافی آسان ہے۔ اس کے لیے انسٹا گرام ایپ میں جب بھی کسی کمنٹ کو پسٹ کریں گے تو اس کے نیچے ایڈٹ آپشن لکھا نظر آئے گا۔ اس پر کلک کرکے آپ اس کمنٹ کو ایڈٹ کرسکیں گے۔ جب کسی کمنٹ کو تبدیل کیا جائے گا تو اس کے نیچے ایڈٹ دیگر افراد کو بھی لکھا نظر آئے گا البتہ وہ اس کی ہسٹری نہیں دیکھ سکیں گے۔ اگر آپ کا کمنٹ ٹیکسٹ اور تصویر پر مشتمل ہے تو صرف ٹیکسٹ کو ایڈٹ کرنا ممکن ہوگا۔ کمپنی کے مطابق پوسٹس کے ساتھ ساتھ انسٹا گرام ریلز پر بھی کمنٹس کو ایڈٹ کرنا ممکن ہوگا۔






