متحدہ عرب امارات میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر تعلیمی اداروں کو عارضی طور پر بند کرکے آن لائن کلاسز شروع کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق امارات کی وزارت تعلیم نے ملک بھر میں نرسریز، سرکاری اور نجی اسکولوں کو 5 مئی سے 8 مئی 2026 تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس دوران تمام تعلیمی سرگرمیاں آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے جاری رکھی جائیں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ حالیہ علاقائی کشیدگی اور سیکیورٹی خدشات کے باعث کیا گیا، جب ملک میں ایمرجنسی الرٹ سسٹم متعدد بار فعال ہوا۔ طلبہ، اساتذہ اور انتظامی عملے کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ گھروں سے آن لائن کلاسز میں شرکت کریں۔ وزارت تعلیم اور اسکول انتظامیہ کے مطابق تدریسی عمل معمول کے مطابق جاری رہے گا، تاہم طریقہ کار کو عارضی طور پر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ادارے والدین اور طلبہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ کسی بھی تبدیلی سے فوری آگاہ کیا جا سکے۔ تعلیمی حکام نے بتایا کہ اسکولوں کو پہلے ہی ہنگامی حالات کے لیے تیار رہنے کی ہدایات دی گئی تھیں، اسی پالیسی کے تحت فوری طور پر آن لائن تعلیم کا نظام فعال کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق 8 مئی کو صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ آن لائن کلاسز جاری رکھی جائیں یا تعلیمی ادارے دوبارہ کھول دیے جائیں۔






