یوٹیوب شارٹس صارفین کیلئے بڑی خبر، نئے فیچرز متعارف

یوٹیوب کی جانب سے شارٹس ویڈیوز میں تصاویر پر مبنی مواد شیئر کرنے کے لیے چند فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں۔ درحقیقت یوٹیوب کی جانب سے شارٹس ویڈیوز کو کافی حد تک انسٹاگرام اور ٹک ٹاک میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق کمپنی کی جانب سے تصاویر پر مبنی پوسٹس کے لیے فیچرز ڈیزائن کیے گئے ہیں۔ اب صارفین 10 تصاویر پر مبنی سلائیڈ شو جیسی پوسٹس تیار کرسکیں گے۔ اسی طرح تصاویر میں ٹیکسٹ ایڈ کرسکیں گے جبکہ 15 سیکنڈ کا بیک گراؤنڈ میوزک بھی شامل کرسکیں گے۔ صارفین کو ہر بار مکمل ویڈیو ایڈٹ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ تصاویر کے ذریعے بھی آسانی سے اپنے ناظرین کو انگیج کرسکیں گے۔ کمپنی نے بتایا کہ نئے فیچرز کا مقصد صارفین کو تصویری اسٹوریز براہ راست شارٹس فیڈز پر شیئر کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ نئی امیج پوسٹس انسٹا گرام اور ٹک ٹاک سے ملتی جلتی ہوں گی جہاں اس طرح کی تصویری مواد کافی پسند کیا جاتا ہے۔ اس سے قبل کمپنی کی جانب سے چند روز قبل شارٹس ویڈیوز کے انٹرفیس میں تبدیلیوں کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس موقع پر بتایا گیا تھا کہ ایک تبدیلی نیا کلیئر اسکرین موڈ ہے جو آئیکونز اور ٹیکسٹ کو چھپائے گا اور ویڈیو دیکھتے ہوئے دھیان نہیں بھٹکے گا۔ اسی طرح اب آپ یوٹیوب شارٹس ویڈیوز کی پلے بیک اسپیڈ کو بھی ڈبل کرسکیں گے تاکہ مختصر ویڈیو کو مزید مختصر بنا دیں یا زیادہ تیزی سے دیکھ سکیں۔ کمپنی کی جانب سے تھمبز اپ کی جگہ اب ہارٹ آئیکون کو متعارف کرایا جا رہا ہے جو بنیادی طور پر لائیک بٹن ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈس لائیک بٹن کو ریٹائر کیا جا رہا ہے، اس کی جگہ ناٹ انٹرسٹڈ اور ڈونٹ ریکومینڈ دس چینل آپشنز کو استعمال کیا جاسکے گا۔