کیا چارجر کو پلگ میں لگا رہنے دینے سے بجلی خرچ ہوتی ہے؟

بیشتر افراد اپنے چارجرز کو پلگ میں لگا رہنے دیتے ہیں چاہے چارج نہ بھی ہو رہا ہو۔ مگر کیا یہ اچھا خیال ہے؟ کیا ایسا کرنے سے بجلی کے بل میں اضافہ تو نہیں ہوتا، چاہے فون چارجنگ کے لیے نہ بھی لگا ہو؟ اس کا مختصر جواب تو ہاں ہے مگر تفصیلی جواب ذرا پیچیدہ ہے۔ جی ہاں واقعی چارجر اگر بجلی کے آؤٹ لیٹ سے لگا ہوا ہے تو اگر اس سے کسی ڈیوائس کو چارج نہ بھی کیا جائے تو بھی وہ بجلی کھینچتا رہتا ہے۔ اس طرح کی پلگ میں لگی ڈیوائسز معمولی مقدار میں بجلی خرچ کرتی رہتی ہیں جس کے لیے اسٹینڈ بائی پاور کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔ اس کا مقصد یہ ہوتا ہےکہ جیسے ہی آپ چارجر سے کسی ڈیوائس کو منسلک کریں تو فوری چارجنگ شروع ہوسکے۔ مگر اس کے ساتھ یہ بھی حقیقت ہے کہ چارجر زیادہ توانائی کا ضیاع نہیں کرتے۔ ایک چارجر اسٹینڈ بائی میں 0.1 سے 0.5 واٹس بجلی خرچ کرتا ہے جو کہ دن بھر میں 2 سے 24 واٹس بنتا ہے۔ یہ مقدار تو کچھ خاص نہیں مگر جب گھر کے اندر چارجرز کی تعداد زیادہ ہو تو اعدادوشمار کافی زیادہ ہوسکتے ہیں۔ مگر صرف ایک چارجر بھی اس طرح بجلی استعمال کرے تو بجلی کے بل میں کچھ اضافہ تو ہوتا ہے جس کا انحصار اس پر ہے کہ بجلی کے یونٹ کی قیمت کیا ہے۔ چارجر سے ہٹ کر کمپیوٹرز، ٹیلی ویژن، گیمنگ کنسولز اور مائیکرو ویوز وغیرہ بھی اسٹینڈ بائی موڈ میں بجلی خرچ کرتے ہیں۔ کینیڈا میں حکومتی تخمینے کے مطابق اس طرح کی ڈیوائسز اسٹینڈ بائی موڈ میں کسی گھر کے بجلی کی مجموعی مقدار کا 5 سے 10 فیصد خرچ کرتی ہیں۔