دو اے آئی روبوٹس رشتۂ ازدواج میں بندھ گئے، نئی تاریخ رقم

روس کے دارالحکومت ماسکو میں مصنوعی ذہانت کی دنیا کا ایک انتہائی انوکھا اور حیرت انگیز منظر دیکھنے میں آیا ہے، جہاں تاریخ میں پہلی بار دو ہیومنائیڈ (انسان نما) اے آئی روبوٹس کی علامتی شادی کی تقریب منعقد کی گئی ہے۔ ماسکو کی پشکن لائبریری میں منعقدہ اس منفرد تقریب کے دوران ‘رابرٹ’ اور ‘ماٹلڈا’ نامی دو اے آئی روبوٹس کو باقاعدہ طور پر “روبوٹ شریکِ حیات قرار دیا گیا۔ تقریب کی میزبان ماریا پینٹیوخینا کی موجودگی میں دونوں روبوٹس نے روایتی انداز میں ایک دوسرے کے ساتھ جینے مرنے کے علامتی عہد و پیمان کیے اور ایک دوسرے کو علامتی شادی کے بریسلیٹس بھی پہنائے۔  ان دونوں روبوٹس کو منفرد انسانی کرداروں کے روپ میں ڈیزائن کیا گیا ہے۔ دولہا بننے والے روبوٹ ‘رابرٹ’ کو ایک دفتری ملازم اور بلاگر جبکہ دلہن بننے والی روبوٹ ‘ماٹلڈا’ کو ایک بیلرینا (رقاصہ) کے روپ میں تیار کیا گیا ہے۔ روسی سرکاری خبر رساں ایجنسی ‘ریا نووستی’ کے مطابق، یہ روس کی تاریخ میں اس نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔ رابرٹ اور ماٹلڈا کو اس سے قبل سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل اکنامک فورم میں بھی متعارف کروایا جا چکا ہے، جہاں انہوں نے خوب داد سمیٹی تھی، اور اب اس انوکھی شادی نے سوشل میڈیا اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں دھوم مچا دی ہے۔