شرپسند عناصر کو گلگت بلتستان کا امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے: وزیر اعظم

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ شرپسند عناصر کو گلگت بلتستان کا امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، کوئی یہ سمجھتا ہے یہاں بھائی چارے کی فضا خراب کرسکے گا تو یہ اُس کی غلط فہمی ہے، قوانین کا نفاذ کریں گے، ایسے لوگ جو کسی ایجنڈے پر باقی معاشرے کو چلانا چاہتے… نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے گلگت بلستان کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلستان کے لوگوں نے بڑی محبت اور خوش اسلوبی سے ہمارا استقبال کیا، مجھے آپ کا احسان نہیں بھولےگا، قائداعظم کے وژن کا عملی نمونہ گلگت بلستان میں نمایاں ہوتا ہے۔ نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انسان کبھی ایک جیسے نہیں ہوسکتے، گلگت بلتستان مختلف رنگ و نسل کے لوگوں کا گلدستہ ہے، اختلافات کی بنیاد پر اکٹھی زندگی گزارنا انسانیت کی معراج ہے، انسان ایک دوسرے کے حقوق کو تصور نہیں کرتا تو جنگل کا نظام ہے۔ انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ انسانیت کی معراج صرف ابن آدم کے تصور کے طور پر خود کو یکساں سمجھتا ہے، گلگت بلتستان کے لوگوں کیلئے پیغام ہے ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کریں، ریاست کا کام ہے کہ بنیادی حقوق کا نفاذ کرے، ہمارے ہاں قربتیں زیادہ دوریاں کم ہیں، جو دوریاں پیداکی گئیں حکمت کیساتھ انہیں بھی ختم کیاجائے گا۔ انھوں نے گلگت بلتستان کی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی پہچان حسن مالدار دنیا کے الگ ہے، سیاح گلگت کی خوبصورتی کی وجہ سے کھینچے چلے آتے ہیں، یہاں کے آئینی سوالات پر دوستوں سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے، ہم گلگت بلتستان سے تسلسل کیساتھ جڑے رہنے کی کوشش کریں گے، چاہیں گے یہاں کے لوگ اپنے پیروں پر کھڑے ہوں، کوشش ہوگی انکی شناخت کو جلد آئینی جوابات مل جائیں۔ نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قانون کی عملداری سے مسائل کو حل کریں گے کسی کو بھی آئین و قانون کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دیں گے اور حکمت اور عمل کیساتھ غلط فہمیوں کو دور کریں گے۔