دیامر: تیز رفتار بس کھائی میں جاگری، 20 مسافر جاں بحق

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں مسافر بس گہری کھائی میں گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 20 ہوگئی۔ حادثے کے بعد ریجنل اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے شہریوں سے زخمیوں کےلیےخون کی اپیل کی گئی ہے ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق شاہراہ قراقرم پر یشوخل داس کے مقام پر علی الصبح ایک مسافر بس حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثےکا شکار ہونے والی مسافر بس راولپنڈی سے گلگت جارہی تھی، علی الصبح ہونے والے حادثے کی اطلاع ملنے پر مقامی افراد جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں جب کہ پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے بھی کچھ دیر بعد جائے حادثہ پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ حادثے کے بعد ریجنل اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے شہریوں سے زخمیوں کےلیےخون کی اپیل کی گئی ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبرخان نے بس حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انتظامیہ اور زخمیوں کی بروقت طبی امداد کرنے کی ہدایت کی ہے