حب میں نادرا کا خصوصی سہولیات پر مبنی دفتر کا افتتاح، چئیرمین نادرا کا دوہ

نادرا نے ملک کے قرب و جوار میں سہولیات کی فراہمی کا مشن جاری رکھتے ہوئے بلوچستان کے ضلع حب میں جدید خطوط سے آراستہ نادرا سینٹر کا افتتاح کردیا۔
اس سینٹر میں جمعہ اور ہفتہ کے ایام کو خواتین وزیٹرز کے لئے مخصوص کیا گیا ہے، ان ایام میں خواتین اسٹاف ہی تعینات ہوگا جبکہ بچوں کے لئے پلے ایریا بھی مخصوص کیا گیا ہے۔ چئیرمین نادرا طارق ملک نے سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کے لئے آج مرکز کا دورہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں آنے والے سیلاب کی وجہ سے بلوچستان میں بہت زیادہ خاندانوں کو اپنے گھروں کو چھوڑ کر اپنے عزیز و اقارب کے پاس پناہ لینا پڑی، ایسے شہریوں کی خدمت کے لئے حب میں موبائل وین بھی موجود ہے اور تمام اسٹاف کو تاکید کی گئی ہے کہ سیلاب متاثرین جن کے قومی شناختی کارڈ کھو گئے یا ضائع ہو گئے ہیں انھیں اولین ترجیح دی جائے۔
طارق ملک کا مزید کہنا تھا کہ اپنے معذور بہن بھائیوں کو سینٹر میں ترجیح دیتے ہوئے ان کے لئے خصوصی کاوئنٹرز بنائے گئے ہیں جہاں ان کو سمارٹ کارڈ بغیر کسی فیس کے جاری کیا جائے گا بلکہ ان کے شناختی کارڈ پر معذور افراد کی پہچان کا بین الاقوامی لوگو بھی بنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ سینٹر تک معذور افراد کی رسائی کو آسان بنانے کے لئے خصوصی ریمپ بھی تعمیر کیا گیا ہے تاکہ معذور افراد کی خدمت بفیر کسی تعطل جاری رہے۔