باپ بیٹی سموسے کیساتھ چھپکلی بھی چبا کر کھا گئے

بھارت کی ریاست اتر پردیش میں ایک باپ اور اس کی بیٹی سموسے کے ساتھ غلطی سے چھپکلی بھی چبا کر کھا گئے۔ مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ضلع ہاپوڑ کے رہائشی منوج کمار نے بتایا کہ میں نے اپنے بیٹے کو بازار سے سموسے خرید کر لانے کو کہا، لیکن انہیں کھاتے ہوئے ہمیں انتہائی خوفناک تجربے کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ میں ایک سموسہ مکمل طور پر کھا چکا تھا، جب میری بیٹی آدھا سموسہ کھا چکی تو اس نے دیکھا کہ اندر مری ہوئی چھپکلی موجود ہے، تھوڑی ہی دیر بعد ہم دونوں کی طبیعت خراب ہونے لگی اور ہم فوراً اسپتال بھاگے۔ بعدازاں، متاثرہ شہری نے سموسے والے کی دکان پر جا کر ہنگامہ برپا کیا۔ منوج کمار نے پولیس اور فوڈ ڈپارٹمنٹ کو طلب کیا لیکن دکان دار کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں بلکہ بھارت میں اس طرح کے متعدد واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔ اس سے قبل ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں ریسٹورنٹ میں ڈاکٹر کے آرڈر کیے گئے کھانے سے چھپکلی نکلی تھی۔ ڈاکٹر نے ’چھولے بٹورے‘ منگوائے تاہم چھپکلی نکلنے پر انہوں نے فوری طور پر ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کو اطلاع دی اور انہوں نے کھانے کے نمونے حاصل کر لیے۔