کراچی: فائر بریگیڈ کے دفتر پر فائرنگ، 2 ملازم جاں بحق

کراچی میں بلال چورنگی کے قریب فائر بریگیڈ کے دفتر پر دو مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں فائر بریگیڈ کے 2 ملازم جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ایمبولینسیں وہاں پہنچ گئیں، لاشوں اور زخمی کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 35 سالہ محبوب اور 55 سالہ عامر کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق دو مسلح ملزمان پیدل چل کر فائر اسٹیشن آئے اور اندھا دھند فائرنگ کی، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 2 دہشتگرد ہلاک، 4 اہلکار زخمی
حادثے کے حوالے سے کنٹرول روم میں موجود عینی شاہد فائر بریگیڈ ملازم ذیشان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 2 مسلح شخص داخل ہوئے اور گارڈ ڈیوٹی پر مامورشخص سے متعلق پوچھا جس کے بعد وہ مجھ سمیت چاروں ملازمین کو کنٹرول روم لے گئے اور وہاں محبوب کے سر پر پستول رکھ کر اسے کلمہ پڑھنے کی کہا۔
ذیشان نے مزید بتایا کہ مسلح شخص نے پہلا فائر کرنے کی کوشش کی مگر گولی نہیں چلی، دوسرے فائر کے بعد عامر نے ایک ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی تو اس دوران موقع ملنے پر میں وہاں سے فرار ہوکر دفتر کے احاطے میں جھاڑیوں میں چھپ گیا اور کچھ دیر بعد دیوار پھلانگ کر عقب میں واقع گودام میں آگیا۔
اس کا کہنا تھا کہ واقعے کے وقت فائر اسٹیشن کے دیگر ملزمان سو رہے تھے، پولیس نے ذیشان کو حراست میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔