اقبال حسین سے دوسری شادی کیسے ہوئی؟ بشریٰ انصاری نے بتا دیا

پاکستان شوبز انڈسٹری کی ہر فن مولا زندہ دل سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے دوسرے شوہر اقبال حسین سے مداحوں کو ملوا دیا۔ بشریٰ انصاری نے حال ہی میں اپنے یوٹیوب چینل پر نیا وی لاگ جاری کیا ہے جس میں انہوں نے اپنے فالوورز اور مداحوں کی ملاقات اپنے دوسرے شوہر اقبال حسین سے کروائی اور ساتھ ہی بڑی عمر میں دوسری شادی اور اس کے اثرات کے موضوع پر کھل کر گفتگو کی۔ انہوں نے مداحوں کی پُر زور فرمائش اور سوالوں کے جواب میں اپنے حالیہ وی لاگ میں اقبال حسین کو متعارف کروایا۔ بشریٰ انصاری اور اقبال حسین نے اپنی پہلی ملاقات کے حوالے سے بھی بتایا اور کہا کہ جب ہماری ملاقات 2016 میں آن ایئر ہونے والے سیریل ’سیتا باگڑی‘ کی شوٹنگ کے دوران ہوئی۔ اس وقت ہم دونوں کی طلاق ہوچکی تھی اور ہم دونوں ہی اکیلے تھے۔ بشریٰ انصاری نےبتایا کہ اقبال حسین طلاق کے معاملے میں مجھ سے سینئر تھے اور میں نے ان کی طلاق کے کچھ عرصے بعد طلاق لی لیکن ہم دونوں اس وقت تک ایک دوسرے سے ملے نہیں تھے، میں نے اپنی طلاق کے حوالے سے کبھی کسی سے بات نہیں کی کیونکہ مجھے طلاق کو قبول کرنے کے لیے ڈیڑھ سال کا عرصہ لگ گیا۔ زندہ دل اداکارہ نے بتایا کہ ہمارے معاشرے میں بڑی عمر میں شادی کرنے کو معیوب سمجھا جاتا ہے، اس لیے جب اقبال حسین نے انہیں شادی کی پیشکش کی تو اسے قبول کرنے میں وقت لگا۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے کبھی دوسری شادی کے بارے میں سوچا بھی نہیں تھا، کیونکہ مجھے کبھی اس کی ضرورت ہی پیش نہیں آئی، میں جب شادی شدہ تھی تب بھی اور طلاق کے بعد بھی مالی طور پر مستحکم تھی اور اپنے کام میں مصروف تھی، پھر یہ (اقبال حسین) میری زندگی میں آئے، ابتداً تو میں اس فیصلے کے خلاف تھی، لیکن جب اقبال حسین میرے اہل خانہ اور دوست احباب سے ملے تو سب کو بہت پسند آئے اور پھر سب نے مل کر مجھے راضی کیا۔ اقبال حسین نے بشریٰ انصاری کی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اس وقت بشریٰ کی والدہ اور سنبل آپا حیات تھیں، ان سے ملا، اسما عباس کے شوہر اور نیلم آپا کا خاص طور سے شکرگزار ہوں کہ انہوں نے میرا ساتھ دیا اور انہیں شادی کے لیے راضی کیا۔ اداکارہ نے بتایا کہ شوبز انڈسٹری سے بھی میرے حلقہ احباب نے انہیں بہت پسند کیا جن میں بدر خلیل ،روبینہ اشرف، بہروز سبزواری، سلطانہ صدیقی جیسے بڑی عمر کے افراد شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اقبال حسین چونکہ سنجیدہ مزاج ہیں اس لیے ان کی بڑی عمر کے افراد کے ساتھ اچھی دوستی ہوجاتی ہے۔ اقبال حسین کے مطابق ابھی ہم دونوں کے خاندانوں کے درمیان ملنے جلنے کا سلسلہ جاری ہی تھا کہ میڈیا کو اس کی بَھنَک پڑ گئی اور شادی سے قبل بات لیک ہوگئی۔ انہوں نے اپنی بات مختصراً کرتے ہوئے کہا کہ اگر دو افراد خواہ بڑی عمر میں ہیں، انہیں دوسری شادی کا موقع مل رہا ہے اور کوئی خاندانی جھگڑا بھی نہیں ہے تو انہیں شادی ضرور کرنی چاہیے۔ بشریٰ انصاری نے بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے میں اکثر افراد اپنے بوڑھے والد کی دوسری شادی تو خوشی سے کروا دیتے ہیں لیکن والدہ کے بارے میں ایسا نہیں سوچتے جبکہ والدہ کی دوسری شادی کو بھی اس طرح کھلے دل سے قبول کیا جانا چاہیے، اسے بڑی یا بری بات نہیں بنانا چاہیے بلکہ ہمارے معاشرے میں بوڑھی عورت سے شادی کرنا بھی معمول بن جانا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم دونوں کے بچے، میری دو بیٹیاں ان کے دو بیٹے بیرونِ ملک مقیم ہیں اور وہ ہمارے اس فیصلے سے انتہائی خوش ہیں کہ ہم نے ایک ساتھ جیون گزارنے کا فیصلہ کیا اور ہم سے ملنے آتے رہتے ہیں جبکہ اقبال کام کے سلسلے میں اسلام آباد میں ہوتے ہیں اور اکثر کراچی آتے ہیں تو ہم ایک ساتھ مل بیٹھ کے کھانا کھاتے اور اپنے دوستوں سے ملتے ہیں۔ واضح رہے کہ 2019 میں پہلی بار ان دونوں کی شادی کے حوالے سے خبریں میڈیا کی زینت بنی تھیں۔ تاہم بشریٰ انصاری اور اقبال حسین نے کبھی بھی ان خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی تھی لیکن انہیں معروف میزبان ندا یاسر کے بھائی کی شادی سمیت کئی تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔ بعد ازاں بشریٰ انصاری نے 2020 میں اپنی طلاق پر کھل کر گفتگو کی اور 2023 میں اپنی دوسری شادی کی تصدیق کی تھی لیکن انہوں نے اس وقت یہ نہیں بتایا تھا کہ ان کی شادی کس سے ہوئی ہے۔ دوسری جانب اقبال حسین ہدایت کار اور مصنف ہیں جبکہ انہوں نے اپنے کیرئیر کے آغاز میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے ہیں۔ اس سے قبل اقبال حسین کی پہلی شادی اداکارہ اور میزبان فرح سعدیہ المعروف فرح حسین سے ہوئی تھی۔