سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان سے توہین عدالت کے معاملے پر جواب طلب کرلیا ہے۔
عمران خان کے خلاف ’آزادی مارچ‘ کے حوالے سے عدالتی حکم کی مبینہ خلاف ورزی کرنے پر وفاقی حکومت کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر سپریم کورٹ میں آج سماعت ہوئی۔
آج سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمٰن نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور حساس اداوں کی رپورٹس کا جائزہ لیا ہے پولیس آئی ایس آئی اور آئی بی رپورٹس پر ہی سب اداروں کا انحصار ہے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالت کا پہلا سوال تھا کہ عمران خان نے ڈی چوک آنے کی کال کب دی تھی، عدالتی حکم 25 مئی کو شام 6 بجے آیا تھا، عمران خان کے 6 بجکر 50 منٹ پر ڈی چوک کا اعلان کیا،عمران خان نے دوسرا اعلان 9 بجکر 54 منٹ پر کیا، پی ٹی آئی نے سرینگر ہائی وے پر دھرنے کی درخواست دی تھی۔
عامر رحمٰن نے کہا کہ عمران خان نے عدالتی حکم سے پہلے بھی ڈی چوک جانے کا اعلان کیا تھا، عمران خان کے بعد شیری مزاری،فواد چوہدری، صداقت عباسی نے بھی ڈی چوک کی کال دی، عثمان ڈار ،شہباز گل اور سیف اللہ نیازی نے بھی ڈی چوک کی کال دی، عمران خان کی ڈی چوک کال توہین عدالت ہے۔
عامر رحمن نے اپنے دلائل میں کہا کہ 26 مئی کو صبح جناح ایونیو پر 6 بجے ریلی ختم کی گی، عمران خان مختص جگہ سے گزر کر بلیو ایریا آئے اور ریلی ختم کی، مختص مقام ایچ نائن سے چار کلومیٹر آگئے آکر عمران خان نے ریلی ختم کی۔
اس دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ یقین دہانی عمران خان کی جانب سے وکلا نے دی تھی، عمران خان کے بیان سے لگتا ہے انہیں عدالتی حکم سے اگاہ کیا گیا، عمران خان نے کہا سپریم کورٹ نے رکاوٹیں ہٹانے کا کہا ہے، عمران خان کو کیا بتایا گیا اصل سوال یہ ہے، عمران خان آکر عدالت کو واضح کردیں کس نے کیا کہا تھا۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ بابر اعوان فیصل چوہدری نے عمران خان کی طرف یقین دہانی کروائی تھی، یقین دہانی کرائی گی تھی سڑکیں بلاک ہوں گی نہ مختص مقام سے آگے جائیں گیے۔
اس موقع پر سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ فی الحال توہین عدالت کا یا شوکاز نوٹس جاری نہیں کر رہے، عمران خان کا جواب آ جائے پھر جائزہ لینگے توہین عدالت ہوئی یا نہیں۔
اس دوران سپریم کورٹ نے عمران خان، بابر اعوان اور فیصل چوہدری کو بھی نوٹس جاری کر تے ہوئے تحریری جواب طلب کرلیا۔






