‘زمین پر واپس آکر شادی کروں گا’، نوسرباز نے خاتون سے لاکھوں روپے ہتھیالیے

نوسرباز نے جعلی خلاباز بن کر خلا سے واپس آکر شادی کرنے کے بہانے خاتون سے لاکھوں روپے ہتھیالیے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک جاپانی خاتون کو شہری جس نے خود کوانٹرنیشنل خلائی اسٹیشن پرکام کرنے والے روسی خلاباز کے طور پر ظاہر کیا نے مبینہ طور پر زمین پر واپس آنے اور شادی کرنے کے بہانے تقریباً 44 لاکھ ین ( یعنی 65 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے ) کا دھوکہ دیا۔
اطلاعات کے مطابق خاتون اور جعلی خلا باز کی رواں سال جون میں انسٹاگرام پر دوستی ہوئی، ملزم کی پروفائل میں خلا کی تصاویر تھیں تاکہ یہ غلط تاثر دیا جا سکے کہ وہ خلائی اسٹیشن پر کام کرتا ہے۔دونوں کے درمیان پہلے دوستی ہوئی اور پھرملزم نے خاتون سے اظہار محبت کرتے ہوئے اسے شادی کی پیشکش کی۔
بعد ازاں اس شخص نے خاتون سے مطالبہ کیا کہ اسے زمین پر واپس آنے اور اس سے شادی کرنے کے لیے پیسوں کی ضرورت ہے تاکہ وہ راکٹ کی فیس ادا کرسکے اور باآسانی خلا سے جاپان پہنچ کر شادی کرے۔
تاہم خاتون اس شخص کی باتوں میں آگئی اور 19 اگست سے 5 ستمبر کے درمیان 5 مختلف اقساط میں تقریباً 65 لاکھ سے زائد روپے اسے آن لائن بھیج دیے۔
خاتون کو شک اس وقت ہوا جب اس شخص نے مزید رقم کا مطالبہ کیا۔تاہم اس نے پولیس میں شکایت درج کرائی جہاں اب اس کیس کی تفتیش کی جارہی ہے۔