میں بوٹ پالش کرنے والوں سے بات نہیں کرتا، عمران خان کا شہباز شریف کو جواب

 پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف آپ نے بیان دیا کہ میں نے آپ کو پیغام پہنچایا ہے کہ ہم آرمی چیف کی تعیناتی کریں لیکن شہباز شریف میں بوٹ پالش کرنے والوں سے بات نہیں کرتا۔
مریدکے میں لانگ مارچ میں شریک کارکنوں سے خطاب کے دوران عمران خان نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں ان سے بات کرتا ہوں جن سے ملنے آپ گاڑی کی ڈگی میں بیٹھ کر جایا کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف تمھارے پاس ہے کیا بات کرنے کے لیے، اور میں تمھیں کیوں پیغام پہنچاؤں گا، میں نے ان سے بات کی جو تمھیں اشاروں پر چلاتے ہیں اور ان سے بھی یہی کہا کہ ملک میں صاف اور شفاف الیکشن کروائے جائیں۔عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف پوری دنیا سے تم پیسے مانگ رہے ہو، مجھے پیسے دے دو، قوم امپورٹڈ حکومت کو نہیں مانتی۔
مزید پرھیں:میرا مطالبہ صاف و شفاف انتخابات ہے اس کے علاوہ کچھ بھی نہیں: عمران خان
انہوں نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو کی طرح ایوب خان کو ڈیڈی نہیں کہتا تھا، امریکا سے مدد مانگتا ہوں اور نہ ہی کسی اور سے مدد مانگتا ہوں، میں نے کسی کی منتیں نہیں کیں بلکہ عوام کی طاقت سے وزیراعظم بنا تھا۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ مریدکے کے جذبے اور جنون کو سلام پیش کرتا ہوں، رات کو لانگ مارچ اس لیے ختم کیا کیونکہ عوام کا سمندر رات کو نظر نہیں آنا تھا۔
دریں اثنا تحریک انصاف کے لانگ مارچ کا سفر کامونکی کی طرف روانہ ہوا اور وہاں سے سادھوکی پہنچ گیا جہاں عمران خان کی آمد پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، کنٹینر پر گل باشی کی گئی۔