پاکستان چینی سرمایہ کاروں کیلئے ساز گار ماحول پیدا کررہا ہے: وزیر اعظم

وزیر اعطم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کیلئے ساز گار ماحول پیدا کررہا ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان چائنہ بزنس اینڈ انویسمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ فورم دونوں ممالک کےدرمیان تجارت کےفروغ میں اہم کرداراداکریگا، سی پیک منصوبوں کےتحت چین پاکستان میں اربوں روپےکی سرمایہ کاری کررہاہے، پاکستان کی صنعت اورزراعت کےشعبےمیں بھی چینی سرمایہ کاری کی بدولت بہتری آرہی ہے، پاکستان اور چین میں باہمی تجارت کے بے شمار امکانات موجود ہیں، چینی سرمایہ کاری کے نتیجے میں پاکستان میں توانائی کے بحران کاخاتمہ ہوا۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہے، پاکستان میں سی پیک منصوبہ لیبر کے لیے موثر ثابت ہوگا، سی پیک سے روزگار میں اضافہ ہوگا، سی پیک خطے کے تمام ممالک کےلیے گیم چینجر ہوگا، سی پیک بہترین منصوبہ ہے، چین کی جانب سے سرما یہ کاری خوش آئند ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں چینی سرمایہ کاروں کا کردار نظر انداز نہیں ہوسکتا، پاکستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں اور ان کے منصوبوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، پاکستان چینی کمپنیوں کو شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع فراہم کرتا ہے، پاکستان ایک مضبوط، پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کی راہ پرگامزن ہے، پاکستان چین کےتجربات سے فائد ہ لینے کا خواہشمند ہے۔