عمران خان پر قاتلانہ حملے کا معاملہ: بدترین قسم کی الزام تراشی کی گئی، شہباز شریف

عمران خان کی جانب سے قاتلانہ حملے کے بعد تین افراد پر الزامات لگانے پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دن رات جھوٹ بولنے والا شخص آج وہ افواج پاکستان پر اس طرح حملہ آور ہے کہ جس طرح خدانخواستہ دشمن حملہ کر دے۔
لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ہےکہ کل اور پرسوں بدترین قسم کی الزام تراشی کی گئی ہے، ایک مرتبہ پھر جھوٹ اور گھٹیا پن کا مظاہرہ کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کہا گیا کہ اس واقعے کے پیچھے ایک سازش ہوئی ہے جو کہ وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور ایک ادارے کے ایک اہم افسر تینوں نے مل کر کی گئی ہے، یہ افسوسناک بات ہے، یہ گھڑی ایسی ہے کہ سخت الفاظ سے پرہیز کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ لیکن قوم کو مسلسل آپ اپنے جھوٹ، بدنیتی اور گھٹیا پن سے قوم کو بری طرح تباہی کے کنارے لے جانے کی بہت ہی افسوسناک حرکتیں کررہے ہوں تو میرا بھی فرض ہے کہ وہ پاکستان کو بچانے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ الحمد اللہ چار سال کا جمود ٹوٹا، اور پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے حوالے سے پیش رفت شروع ہو گئی ہے، یہ باتیں پھر کسی اور موقع پر کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ عمران نیازی اور باقی زخمیوں کو صحت اور تندرستی دے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ مسلسل جو جھوٹ بولا جارہا ہے، قوم کے ساتھ فراڈ کیا جارہا ہے، اپنی بدترین اور گھناؤنی سازشوں کی، اداروں کے خلاف بھی کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے عمران خان کے متعدد ویڈیو کلپ دکھاتے ہوئے کہا کہ جنرل قمر جاوید باوجوہ کے بارے میں عمران خان کیا کہتے تھے؟ آپ سن لیں، اس کے بعد انہوں نے کہا کہ آپ نے دیکھ لیا کہ تضاد بھری ایک داستان ہے، مجھے ایک لمحہ بھی ضائع کرنے کی ضرورت نہیں کہ یہ شخص جس کو اللہ تعالیٰ نے زندگی دی، دن رات جھوٹ بولنے والا شخص آج وہ افواج پاکستان پر اس طرح حملہ آور ہے کہ جس طرح خدانخواستہ دشمن حملہ کر دے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف یہ (عمران خان) کہتا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ میرے ساتھ کھڑے ہیں، جنرل باجوہ افواج پاکستان کے سپہ سالار ہیں، اس ادارے کے خلاف جو گندی، فاش گالیاں جو سوشل میڈیا پر چل رہی ہیں، دشمن ملک بھارت کو اور کیا چاہیے، وہ تو آج وہاں پر خوشیاں منا رہے ہیں، بھارت کے ٹی وی چینلز پر کس طرح مسکراہٹیں ان کے چہروں پر ہیں کہ کس طرح عمران خان اپنی آئی ایس آئی اور فوجی ادارے کے خلاف اٹھ کھڑا ہے اور وہ سنگین الزامات لگا رہا ہے کہ کسی نے سوچا بھی نہیں تھا۔