اورکزئی میں کوئلے کی کان بیٹھنے سے 9 مزدور جاں بحق

خیبرپختونخوا میں ضلع اورکزئی کے علاقے ڈاولی میں کوئلے کی کان بیٹھنے سے 9 مزدور جاں بحق جبکہ 4 کو زندہ نکال لیا گیا۔
اورکزئی کے ڈپٹی کمشنر عدنان فرید اور ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) نذیر خان کے مطابق لوئر اورکزئی کے علاقے ڈاولی میں 13 افراد کوئلے کی کان میں کام کر رہے تھے کہ اچانک کوئلے کی کان بیٹھ گئی، جس کے نتیجے میں 13 افراد دب گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئلے کی کان میں کُل 13 افراد کام کر رہے تھے جن میں 4 افراد کو زندہ نکال لیا گیا اور اُنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ اس افسوس ناک واقعے کے نتیجے میں جاں بحق 9 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ ریسکیو آپریشن میں ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، ضلعی پولیس، محکمہ مائنز و منرل کے اہلکار اور عملے نے حصہ لیا۔
مزید کہا گیا کہ جاں بحق افراد کی لاشوں کو اُن کے اہل خانہ کے حوالے کیا گیا جبکہ کچھ افراد کی لاشیں اُن کے آبائی علاقوں کو روانہ کی گئیں۔