شیخ رشید کی عمران خان سے ملاقات، اسمبلیاں تحلیل کرنے پر تبادلہ خیال

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ دونوں اسمبلیاں ٹوٹنے سے پہلےعمران خان سے مذاکرات کریں، عمران خان نےکہا ہے کہ الیکشن کی تاریخ پر مذاکرات کیلئے تیار ہیں، میری عمران خان سے آدھا گھنٹہ ملاقات ہوئی ہے، عمران خان اسمبلیاں توڑنے کیلئے مکمل تیار ہیں۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے مزید کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی کی مکمل حمایت موجود ہے،پرویز الٰہی کی میں گارنٹی دیتا ہوں کہ وہ اسمبلی توڑنے پر 120 فیصد تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو یقین ہو گا تو اوورسیز پاکستانی عمران خان کے کہنے پر پیسے بھیجیں گے، فوج کا عظیم فیصلہ ہے کہ سیاست میں حصہ نہیں لے گی، یہ دیر کریں یا سویر کریں ، جی کا جانا ٹھہر گیا ہے، عمران خان اسمبلیاں توڑے گا، پرویز الٰہی اس کے ساتھ ہے۔
شیخ رشید نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پنجاب اور کے پی اسمبلیاں ٹوٹنےسے پہلےعام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں، دونوں اسمبلیاں ٹوٹنے سے پہلے زمان پارک آئیں، عمران خان سے مذاکرات کریں۔