لاہور میں لیگی رہنماؤں کی گرفتاری کیلئے وارنٹ جاری

وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ اور رانا مشہود سمیت 12 لیگی رہنماؤں کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیے گئے ہیں۔
لاہور پولیس کی جانب سے مسلم لیگ ن کے 12 رہنماؤں کو گرفتار کرنے کی اجازت کے لیے مجسٹریٹ کو درخواست جمع کرائی گئی تھی۔
پولیس نے درخواست میں عطا تارڑ، رانا مشہود، اویس لغاری اور سیف الملوک کھوکھر سمیت دیگر لیگی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری مانگے تھے۔
مجسٹریٹ کو جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا تھا کہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہیں، ملزمان دانستہ طور پر پیش نہیں ہو رہے، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش مکمل کرنی ہے لہٰذا ان کی گرفتاری کی اجازت دی جائے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے 12 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں ن لیگ رہ نماوں کے وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل لاہور میں مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ اور رانا مشہود کے گھروں پر پولیس نے چھاپے مارے تھے تاہم دونوں افراد گھر پر موجود نہ ہونے کی وجہ سے گرفتار نہیں ہو سکے تھے۔